Oct ۱۸, ۲۰۱۶ ۰۸:۱۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں بریکس سربراہی اجلاس کا اختتام

ہندوستان کے شہر گوا میں بریکس گروپ کا سربراہی اجلاس، دہشت گردی کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کے ساتھ ختم ہو گیا۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بریکس کے آٹھویں سربراہی اجلاس کے اختتامی بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ، کہ جس نے عراق، شام اور لیبیاء کے بعض علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے، پوری عالمی برادری کے لئے خطرہ ہے۔

بریکس سربراہی اجلاس کے اختتامی بیان میں اقوام متحدہ کے عام اجلاس میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے جامع کنونشن کے قیام، شامی عوام کی خواہش کے مطابق اس ملک سے خانہ جنگی کے خاتمے اور دہشت گردوں کی فنڈنگ روکے جانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی گئی ہے۔

بریکس سربراہی اجلاس سے اپنے خطاب میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے دنیا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی اور دہشت گردوں کی مدد کرنے والے ملکوں کو عالمی برادری کے لئے خطرہ قرار دیا۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بھی اپنے خطاب میں امریکی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ امریکہ، دنیا کے مختلف ملکوں کی جاسوسی پراربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان، چین، روس، برازیل اور جنوبی افریقہ پر مشتمل بریکس گروپ، مغرب کے اقتصادی تسلط کا مقابلہ کرنے کے لئے دو ہزار نو میں قائم ہوا تھا۔

ٹیگس