Nov ۱۱, ۲۰۱۶ ۰۸:۲۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے وزیر اعظم کا دورہ جاپان

ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی جاپان کے سرکاری دورے پر جمعرات کو ٹوکیو پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر اس ملک کے حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔

ذرائع کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم، دو طرفہ تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ اور غیر فوجی جوہری سمجھوتے پر دستخط کے لئے جاپان کے دورے پر ٹوکیو گئے ہیں۔ نریندر مودی کے ٹوکیو پہنچتے ہی جاپان کے وزیراعظم سمیت اس ملک کے مختلف حکام سے ان کی ملاقات اور مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا ہے کہ نئی دہلی اور ٹوکیو کے درمیان دو ہزار پندرہ میں غیر فوجی جوہری سمجھوتہ طے پایا تھا جس کے مطابق دونوں ممالک نے پرامن جوہری توانائی کے شعبے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے سے اتفاق کیا ہے۔

ہندوستان کے وزیراعظم نے ایک ایسے وقت میں جاپان کا دورہ کیا ہے کہ نئی دہلی، غیر فوجی جوہری توانائی کے شعبے میں تعاون کے علاوہ این ایس جی میں شامل ہونے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ جون میں جنوبی کوریا میں این ایس جی کے عام اجلاس میں اس گروپ میں شامل بیشتر ملکوں کی حمایت کے باوجود چین کی مخالفت کے سبب ہندوستان این ایس جی میں شامل ہونے میں ناکام رہا تھا۔

ٹیگس