کشمیر: فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
سرینگر سے 15 کلو میٹر دور ہدورا کے علاقے میں ہندوستانی فوج اور مسلح افراد کے مابین ہونے والی فائرنگ کے نتیحے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوج اور اسپیشل پولیس آپریٹنگ گروپ نے ایک گھر پر چھاپہ مارتے ہوئے 2 نوجوانوں کو ہلاک کر دیا جب کہ ہندوستانی پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے بعد دو افراد مارے گئے اور ہلاک ہونے والے دونوں افراد غیرملکی ہیں۔
دوسری جانب لائن آف کنٹرول کے قریب سندبانی سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا فوجی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علیحدگی پسندوں کے ایک گروپ کی جانب سے فوجیوں پر فائرنگ کی گئی اور جوابی فائرنگ میں ایک شخص مارا گیا جب کہ دیگر افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر کے حالات خراب ہوئے اور اب تک 125 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی اور گرفتار ہوئے۔