ہندوستان اور متحدہ عرب امارات دہشت گردی کے خلاف متحد
ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زائد النہیان کا یوم جمہوریہ پریڈ میں مہمان خصوصی کی حيثیت سے خیرمقدم کرتے ہوئے پرنب مکھرجی نے کہا کہ مغربی ایشیاء اور جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کے لئے جامع کوششیں کرنا دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات میں ہے۔
ہندوستان کے صدرپرنب مکھرجی نے کل کہا کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو ذمہ دار ممالک کی حیثیت سے تشدد پسندی، دہشت گردی اور عدم رواداری کے عناصر کے خلاف اجتماعی کوششیں پیہم جاری رکھنا چاہئے، جو خطے کے سماجی تانا بانا کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔
ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زائد النہیان کے دورے کو ہندوستان اور یو اے ای کے دو طرفہ تعاون کی مضبوطی اور مستحکم تعلقات کی عکاسی قرار دیتے ہوئے ہندوستان کے صدرنے کہا کہ یو اے ای کے ولیعہد کے دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید پختہ کرنے کا موقع ملے گا۔
پرنب مکھرجی نے کہا کہ دہشت گردی اورعدم رواداری کی لعنتوں سے ہندوستان اور یو اے ای کو مشترکہ طورپر نمٹنا ہوگا
انہوں نے کہا کہ ہندوستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ مضبوط شراکت داری کا خواہاں ہے اور ہماری حکومتیں موجودہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ دو طرفہ تعاون کے نئے امکانات تلاش کررہی ہيں۔ اس سلسلے میں دفاعی سازوسامان ، خلائی مشن اور قابل تجدید توانائی کی مشترکہ پیداوار کے شعبے کو ترجیحات میں رکھا گيا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ولیعہد شہزادہ محمد بن زائد النہیان نے جو ان دنوں ہندوستان کے دورے پر ہیں کل ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی۔