ہندوستان نے 39 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا
ہندوستان نے 39 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔
ہندوستان نے مجموعی طور پر 39 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا ہے جن میں 21 عام قیدی اور 18 ماہی گیر شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ان قیدیوں کی شہریت کی تصدیق ہونے کے بعد ہندوستانی حکومت نے انہیں رہا کیا ہے۔
پاکستان کے رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستانی جیلوں میں طویل عرصے سے قید پاکستانی شہریوں کو بدھ کے روز واہگہ بارڈر پر رینجرز حکام کے حوالے کیا گیا۔
رینجرز حکام نے واہگہ بارڈر پر ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد پاکستانی شہریوں کو ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کردیا جہاں سے انہیں لاہور کے گلبرگ ایریا میں قائم ایدھی ہوم لے جایا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی جیلوں سے رہا ہونے والے پاکستانی قیدیوں کو جلد ان کو اپنے گھروں کی جانب منتقل کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے گزشتہ دو ماہ کے دوران جیلوں میں قید 400 سے زائد ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کیا جاچکا ہے۔