Mar ۰۳, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی جانب سے کابل دھماکوں کی مذمت

ہندوستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کو ہوئے دہشت گردانہ دھماکوں کی سخت مذمت کی ہے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کو ہونے والےدہشت گردانہ دھماکوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لئے افغان حکومت کو مدد کی پیش کش کی ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان دہشت گردانہ تشدد سے متاثر ہے اور وہ افغانستان کے لوگوں کے درد اور حالات کو سمجھتا ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردانہ تشدد انجام دینے والوں کو قانون کی گرفت میں لانے کے مقصد سے افغانستان کی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے عزم کو دہراتے ہیں اور وہاں کی حکومت کو مطلوبہ مدد فراہم کریں گے۔

واضح رہے کہ بدھ کے روزکابل میں دو سیکورٹی کمپاؤنڈز کو طالبان کے خودکش حملہ آوروں نے نشانہ بنایا جس کے نتیجےمیں سولہ افراد ہلاک اور چوالیس زخمی ہو گئے تھے۔ ان حملوں میں خاص طورسے پولیس اکیڈمی اور فوجی تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے طالبان گروہ کی جانب سے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یاد رہے کہ سن دو ہزار ایک میں افغانستان پر امریکہ کے حملے کے بعد اس ملک سے طالبان حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا مگر اس ملک میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کے باوجود اس گروہ نے افغانستان کے بعض علاقوں پر ایک بار پھر قبضہ کر لیا ہے۔

ٹیگس