ہندوستان: مذہبی عدم رواداری پھیلانے والوں کو نوٹس جاری
ہندوستان میں اسکولوں میں مذہبی عدم رواداری پھیلانے والوں کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کے وزیر تعلیم پارتھیو چیٹرجی نے کہا ہے کہ معصوم اسکولی بچوں کے ذہن و دماغ میں مذہبی عدم رواداری کا زہر بھرنے والے ریاست کے 100 اسکولوں کو حکومت نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ انھوں نے اسمبلی میں کہا کہ حکومت کو شمالی بنگال، شمالی 24 پرگنہ اور جنوبی بنگال کے چند اسکولوں سے متعلق شکایتیں ملی ہیں اس لیے حکومت نے ان کے خلاف نوٹس لیا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت پرائیوٹ اسکولوں میں مذہبی عدم رواداری پھیلانے والوں کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بنگال حکومت سے منظور شدہ اسکولوں کو ہمارا نصاب پڑھانا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ آرایس ایس اسکولوں کے خلاف بہت سی شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔ ان کے خلاف مذہبی عدم رواداری کا الزام ہے۔ اس کے علا وہ تعلیمی نظام کے خلاف بھی شکایتیں موصول ہو ئی ہیں۔ ان شکایتوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ شمالی بنگال اور شمالی چوبیس پرگنہ میں آر ایس ایس کے زیر اہتمام چلنے والے اسکولوں کی تعدا د کافی ہے۔ ریاستی وزیر تعلیم پارتھیو چیٹرجی نے اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت ان پرائیوٹ اسکولوں کے خلاف کارروائی کرے گی جو نصاب سے باہر پڑھاتے ہیں اور اپنے مذہبی ایجنڈے سے طلباء کے ذہن و دماغ کو مسموم کرتے ہیں۔