ہندوستانی حکومت کا پتھراؤ کرنے والے کشمیریوں کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان
ہندوستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی فوجیوں پر حملہ اور پتھراؤ کرنے والے کشمیری نوجوانوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے نئی دہلی میں پیر کے روز نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے خبردارکیا کہ ہندوستان کی سیکورٹی فورس کی جانب سے پتھراؤ اور حملہ کرنے والے کشمیریوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔
انھوں نے کشمیریوں کی حمایت کرنے پر پاکستان کی حکومت اور ذرائع ابلاغ کو بھی ہدف تنقید بنایا۔
ہندوستان کے وزیر داخلہ کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ اتوار کے روز ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں سیکورٹی اہلکاروں پر کشمیریوں کے حملے میں ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک اور گیارہ دیگر زخمی ہو گئے۔ سیکورٹی اہلکاروں پر یہ حملہ، ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے خلاف احتجاج کے موقع پر کیا گیا۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے گذشتہ سال آٹھ جولائی کو حزب المجاہدین کے ایک کمانڈر کو ہلاک کئے جانے کے بعد سے حالات سخت کشیدہ ہو گئے ہیں اور بدامنی کے واقعات میں اب تک ایک سو چالیس سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔