پاکستانی ہائی کمشنر ہندوستانی وزارت خارجہ میں طلب
ہندوستان نے کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے فیصلے پراحتجاج کرتے ہوئے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے فیصلے پر احتجاج کے لیے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط خان کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا۔
احتجاجی مراسلہ میں تحریر تھا کہ کل بھوشن یادیو کی پاکستان میں موجودگی کبھی جامع اندازمیں نہیں بتائی گئی، ہندوستانی ہائی کمیشن نے13 بار قونصلر رسائی مانگی جو نہیں دی گئی اور پھر اسے سزائے موت کاحکم سنادیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو پر ہندوستان کے لئے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کل اسے موت کی سزا سنائی تھی۔
کلبھوشن یادیو کو گزشتہ برس مارچ کے مہینے میں پاکستان کے صوبے بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا- پاکستان نے ایک ویڈیو کلپ جاری کی تھی جس میں کلبھوشن یادیو کو یہ اعتراف کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا کہ وہ خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ ہے اور ہندوستانی بحریہ کا حاضر سروس ملازم ہے- جبکہ ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ کلبھوشن یادیو ہندوستانی شہری تو ہے لیکن اس کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے-