بی جے پی پرفرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دینے کا الزام
ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے کل مرشدآباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اپنے سیاسی مفادات کے لئے ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ حکومت بنگال بین مذہبی رواداری پر یقین رکھتی ہے اور ریاستی حکومت تمام نسلوں، مذاہب اور فرقوں کے لئے کام کرتی ہے۔
ممتا بنرجی نے گائے کے گوشت پر پابندی لگائے جانے کے معاملے پر کہا کہ کیا لوگ کھانے کے لئے مچھلی کو نہیں مارتے ، کیا کھانے کے لئے پودوں كو نہیں مارا جاتا ہے تو پھر گوشت کھائے جانے کی اس قدر مخالفت کیوں ہو رہی ہے۔ لوگوں کو کیا کھانا ہے، کیا پہننا ہے، اس کا فیصلہ انہیں ہی کرنے دو۔
دوسری جانب راجیہ سبھا کی رکن جیا بچن نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران گائے کے بجائے خواتین کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
جیا بچن کا کہنا تھا کہ ہم گائے کی حفاظت کے لیے تو بڑے بڑے اقدامات کر رہے ہیں لیکن خواتین پر مظالم میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے لہٰذا ان کے تحفظ کے لیے بڑے اقدامات کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ جیا بچن گاہے بگاہے خواتین کے حقوق کے لیے پارلیمنٹ میں آواز اٹھاتی رہتی ہیں۔