کشمیرمیں آپریشن جاری مزید 5 افراد ہلاک
ہندوستان کی فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دعوی کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی ایک اور بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 5 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔
اوڑی سیکٹر میں پانچ عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے ساتھ ہی 7 جون سے مارے گئے عسکریت پسندوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہوگئی ہے۔ تاہم جمعرات کو دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے دوران ہندوستان کا ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے تھے۔7 جون سے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایل او سی پر ناکام بنائی جانے والی دراندازی کی چوتھی کوشش ہے۔
ہندوستان کی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا کا کہنا ہےکہ قریبی کیمپوں سے فوجیوں کی مزید کمک طلب کی گئی اور ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔
دوسری جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں 19 سالہ نوجوان عادل فاروق ماگرے کی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف مکمل ہڑتال رہی جس سے معمول کی زندگی درہم برہم رہی۔
ہڑتال کی کال حریت کانفرنس کی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے دی تھی۔
واضح رہے کہ ضلع شوپیان کے گنہ پورہ میں 6 جون کو 19 سالہ عادل فاروق سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سےجاں بحق اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے ۔ عادل احمد گورنمنٹ ڈگری کالج شوپیان میں گریجویشن سال اول کا طالب علم تھا۔