نیتن یاہو کو گرفتار کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا، زھران ممدانی
نیویارک کے نو منتخب میئر زهران ممدانی نے کہا ہے کہ اگر نیتن یاہو جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آئے تو اس کی گرفتاری کا حکم جاری کیا جائے گا۔
سحرنیوز/دنیا: نیویارک سٹی کے نئے منتخب میئر زهران ممدانی نے امریکی چینل اے بی سی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو آئندہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک آئے تو وہ اس کی گرفتاری کا حکم جاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ بین الاقوامی گرفتاری کے وارنٹس پر عمل درآمد کے لیے تمام قانونی راستوں کو استعمال کریں گے۔
ممدانی نے وضاحت کی کہ وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ نیویارک شہر بین الاقوامی قوانین پر عمل کرتا ہے اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے گرفتاری کے احکامات بھی انہی قوانین کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرق نہیں پڑتا کہ یہ حکم نیتن یاہو کے خلاف ہو یا پوٹن کے خلاف، وہ ٹرمپ کی طرح نہیں بلکہ قانون کے دائرے میں رہ کر عمل کرتے ہیں اور اپنے ذاتی قوانین ایجاد نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر نیتن یاہو نیویارک آئے اور وہ اس کے خلاف تمام کوششیں نہ کریں تو وہ خود کو اس شہر کا میئر نہیں سمجھیں گے۔
یاد رہے کہ ممدانی اس سے قبل بھی اعلان کر چکے ہیں کہ اگر نیتن یاہو نیویارک کا سفر کرے تو اس کی گرفتاری یقینی بنائی جائے گی۔