کشمیر: حزب المجاہدین کے دوعسکریت پسند ہلاک
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ہونے والے ایک شدید مسلح تصادم میں حزب المجاہدین کے دو مقامی عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔
سرکاری ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ ضلع بارہمولہ کے پزلپورہ رفیع آباد میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر 22 راشٹریہ رائفلز کے فوجیوں ، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے کل رات مذکورہ علاقہ میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا تو سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران دوعسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کی شناخت باسط احمد ساکن پٹن اور گلزاراحمد ساکن سوپور کے بطورپرکی گئی ہے۔
دوسری جانب کل رات پلوامہ ضلع میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کیمپ پر گرینیڈ سے حملہ کیا گیا تاہم گرینیڈ نہیں پھٹا جس سے کسی طرح کا نقصان نہیں ہوا۔