دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کرنے پر تاکید
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی اپنے تین ممالک کے دورے کے آخری مرحلے میں نیدر لینڈ پہنچے اور نیدر لینڈ میں ہندوستانیوں سے ملاقات کی ۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے نیدرلینڈ میں ہندوستانی شہریوں سے ملاقات کرنے کے علاوہ نیدرلینڈ کے وزیراعظم مارک روٹ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی برادری سے متحد ہونے کی اپیل کی۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف دہشت گردوں، دہشت گرد تنظیموں اور ان کے نیٹ ورک تک محدود نہیں رہنی چاہئے بلکہ ان کی شناخت کی جانی چاہئے اور ان دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرنے والے اور فنڈز فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جانی چاہئیے۔
دونوں ملکوں کے وزرائےاعظم نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف 'زیرو ٹالرینس' کی پالیسی اختیار کی جانی چاہئے۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خطرے کا ذکر کرتے ہوئے اس پر دوہرا معیار اختیار کئے جانے کی مذمت کی اور دونوں رہنماوں نے کثیرالجہتی سطح پر دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے تعاون کو مضبوط کرنے سے اتفاق کیا ۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیر اعظم نےامریکہ کے دورے کے بعد نیدر لینڈ کا دورہ کیا۔