کنٹرول لائن پرفائرنگ، ایک جاں بحق تین زخمی
پاکستان اور ہندوستان کی فرسز کے مابین لائن آف کنٹرول پرفائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر ہندوستانی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔
مقامی پولیس عہدیدار خورشید احمد کے مطابق ہندوستانی فورسز کی جانب سے کل شیلنگ کا واقعہ ضلع کوٹلی کے جنوبی علاقے نکیال سیکٹر پر پیش آیا جہاں ہندوستانی فوج نے آٹومیٹک ہتھیار اور چھوٹے اسلحے کا استعمال کیا ۔ فائرنگ کے نتیجے میں مقامی رہائشی عبدالوہاب جاں بحق جبکہ محمد شکیل، آصف محمود اور ایک خاتون سفیرا بی بی زخمی ہوئیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی فوج کے درمیان کشمیر میں ایل اوسی پر حالات کافی عرصے سے کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔