ہندوستان اور پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں موصل کی آزادی کا انعکاس
ہندوستان اور پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں موصل کی آزادی کا بڑے پیمانے پرانعکاس ہوا ہے۔
پاکستانی اخبارات نے موصل کی آزادی کی خبروں کو یوں کوریج دی
روزنامہ ایکسپریس
موصل میں داعش کو شکست، عراقی فوجیوں کا جشن
عراقی فوج کامیاب پیش قدمی کرتی ہوئی داعش کے زیر قبضہ موصل شہر کے قدیمی علاقے میں داخل ہوگئی ہے، اس پیش رفت کو عراق میں داعش کی مکمل شکست کی علامت قرار دیا جارہا ہے۔ فوج نے بتایا کہ موصل کے قدیمی علاقے میں داعش کو پسپا کر دیا گیا ہے جبکہ عراقی فورسزاب دریائے دجلہ سے کچھ میٹر ہی دور موجود ہیں، عراقی فوج کے مطابق دریائے دجلہ کے قریب علاقوں میں داعش کے چند بچے کھچے دہشتگردوں کے حملوں کو ناکام بنا دیاگیا، تازہ لڑائی میں داعش کے35 دہشتگردمارے گئے جبکہ 6 کو گرفتار کر لیا گیا۔ شہر میں دہشتگردوں کے آخری محاذ پر فضائی حملوں اور توپ خانے کے گولے برسائے گئے جس کے بعد موصل غیرملکی دہشتگردوں کا قبرستان بن چکاہے جہاں تباہ شدہ عمارتوں کے ڈھیرپرجگہ جگہ مسخ شدہ لاشیں بکھری پڑی ہیں،مرنے والوں کاتعلق امریکا، یورپ، ایشیائی ملکوں اور پاکستان سے ہے۔
اخبار ڈان کی سرخی کچھ یوں ہے۔
عراقی وزیراعظم کا موصل کو فتح کرنے کا اعلان
عراق کے وزیراعظم حیدر العابدی نے موصل میں دولت داعش کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرنے کا اعلان کردیا۔ عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 'داعش کو اب تک کی سب سے بڑی شکست دی گئی ہے اور موصل کو آزاد کرادیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق عراق کے وزیراعظم موصل پہنچے اور عراقی عوام کو اس بڑی فتح پر مبارک باد دی۔ عراقی حکومت کی جانب سے یہ بیان 9 ماہ قبل موصل کے حصول کےلیے شروع ہونے والی گوریلا لڑائی کے بعد آیا ہے جبکہ موصل پر گزشتہ تین برسوں سے داعش کا قبضہ تھا۔ حیدر العابدی کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری تصویر میں عراقی وزیراعظم کو کالے رنگ کے فوجی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے اور وہ موصل کو دوبارہ حاصل کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔
ہندوستانی ذرائع ابلاغ نے بھی موصل کی آزادی کی خبر دی ہے۔ ہندوستانی سائٹ ای 18 نے موصل کی آزادی پر یہ خبر لگائی۔
داعش کے قبضے سے آزاد ہوا موصل ، عراقی وزیراعظم نے کیا جیت کا اعلان
عراق کے شہر موصل سے دہشت گرد تنظیم داعش کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ عراق کے وزیر اعظم نے اتوار داعش پر جیت کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کے چیف کمانڈر آزاد کرائے گئے موصل شہر پہنچے اور انہوں نے بہادر جوانوں اور عراقی عوام کو عظیم فتح کی مبارکباد دی۔ موصل کا آزاد ہونا اداعش اور اس کے سرغنہ ابو بکر بغدادی کی ابھی تک کی سب سے بڑی شکست ہے۔ تین سال پہلے داعش نے اس شہر پر قبضہ کیا تھا۔
یو این آئی کی خبر کچھ اس طرح ہے۔
عراقی فوج موصل میں فتح کے قریب
عراقی سیکورٹی فورسز کا خیال ہے کہ جلد ہی موصل پر مکمل کنٹرول کر لیا جائے گا کیونکہ یہاں سے داعش کے پاؤں تقریبا ًاکھڑ چکے ہیں۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ بیس سے زائد فوجی دریا ئےدجلہ کے کنارے موصل پر فتح کا باقاعدہ اعلان کے بغیر ہی جشن منا رہے ہیں۔ کچھ فوجی رقص کر رہے ہیں اور ہوا میں گولیاں چلا رہے ہیں۔