ہندوستان کی جانب سے پاکستان اور چین سے ملحقہ سرحدی ایئربیس میں رافائل طیاروں کی تعیناتی
ہندوستان، پاکستان اور چین سے ملحق اپنے سرحدی علاقوں میں واقع اپنے فوجی اڈوں پر رافائل جنگی طیارے تعینات کرنے جا رہا ہے۔
اسپوٹنیک نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی جانب سے رافائل طیارے تعینات کئے جانے کے بعد ہندوستانی فضائیہ میں نہایت کم وقت میں اپنے دو علاقائی حریفوں کے فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت پیدا ہو جائے گی-
ہندوستانی فضائیہ نے چین اور پاکستان کی جانب سے خطرے کو محسوس کرتے ہوئے ان دونوں ملکوں سے ملحق اپنے سرحدی علاقے میں فرانسیسی ساخت کے رافائل جنگی طیارے تعینات کرنے کا کام شروع کر دیا ہے اور یہ کام دو ہزار انیس تک مکمل ہو جائے گا-
ہندوستان نے جس فضائی اڈے کا انتخاب کیا ہے اس کی دوری ان پڑوسی ملکوں میں فوجی کارروائی کے لحاظ سے نہایت مناسب ہے -
دفاعی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ان جنگی طیاروں کا پہلا اسکاڈرن، امبالا ائیربیس میں تعینات ہوگا اور دوسرا اسکاڈرن مغربی بنگال کی ہاسیمارا ایئربیس میں تعینات ہوگا-
ہندوستان نے گذشتہ برس فرانسیسی کمپنی سے چھتیس رافائل جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کئے تھے- اس معاہدے کی مالیت سات اعشاریہ آٹھ ارب یورو ہے-