Oct ۲۲, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran
  • ایل او سی پر فائرنگ

ایل او سی پر پاکستانی فائرنگ سے ہندوستانی فوج کا پورٹر ہلاک اورایک لڑکی زخمی ہو گئی۔

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اوڑی سیکٹر میں ہفتہ کے روز پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں ایک آرمی پورٹر ہلاک جبکہ ایک لڑکی زخمی ہوگئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فورسز نے ایل او سی کے اوڑی سیکٹر کے کمال کوٹ علاقہ میں ہندوستانی فوج کی چوکیوں اور آبادی والے علاقوں کو نشانہ بناکر شدید فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں سید عباس حسین شاہ ولد مزمل شاہ ساکنہ کمال کوٹ ہلاک جبکہ نصرین نامی ایک لڑکی زخمی ہوگئی۔

واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور ہندوستان کے مابین فائرنگ کا تبادلہ اب تقریبا روز کا معمول بن گیا ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے پر سیز فائرکی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہیں۔

درایں اثنا ہندوستان کے زیر انتظام شمالی کشمیر کے کپواڑا ضلع میں سکیورٹی دستوں کے ساتھ جھڑپ میں آج صبح ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا۔ دوسری جانب وادی کشمیر میں چوٹی کاٹے جانے کے معاملے کے خلاف کل ہونے والی ہڑتال اور مظاہرے کی وجہ سے سیکورٹی وجوہات کے پیش نظر کل ملتوی کی گئی ریلوے خدمات آج پھرسے بحال کردی گئی ہیں۔

ٹیگس