Jan ۰۳, ۲۰۱۸ ۰۹:۲۷ Asia/Tehran
  • مہاراشٹرمیں حالات کشیدہ سکیورٹی کے سخت انتظامات

ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر میں مکمل ہڑتال ہے اور صورتحال کی سنگینی کی وجہ سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

مہاراشٹرمیں بڑے پیمانے پر تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد ریاست کے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے صورتحال پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے جہاں بمبئی ہائی کورٹ کے کسی جج سے واقعات کی انکوائری کرانے اورناندیڑ کے ہلاک ہونیوالے 28سالہ راہل فتانگلے کے اہل خانہ کو 10لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے وہیں این سی پی لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ شرد پوار نے حکومت اور انتظامیہ کی لاپروائی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے عوام سے امن وضبط کی اپیل کی ہے۔

کل کے واقعات میں متعدد گاڑیوں، بسوں اور املاک کو نقصان پہنچایا گیا جبکہ پولیس نے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ کل پونہ میں دلتوں اور دوسری ذات کے لوگوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں ایک دلت کی موت کے بعد ریاست مہاراشٹر کے مختلف شہروں منجملہ ممبئی اور تھانے میں منگل کو زبردست پرتشدد مظاہرے ہوئے-

پونہ میں فساد اس وقت شروع ہوا جب برٹش پیشوا لڑائی کی دو سو ویں سالگرہ منائی جارہی تھی- پونہ میں دو گروہوں کے درمیان ہونے والے فسادات کا دائرہ ممبئی تھانے، اورنگ آباد اور عثمان آباد سمیت مہاراشٹر کے مختلف شہروں میں پھیل گیا-

مہاراشٹر کی پولیس کا کہنا ہے کہ دلتوں کی جماعت ریپبلکن پارٹی آف انڈیا، آر پی آئی کے مشتعل کارکنوں نے ممبئی کے گھاٹ کوپر، پوئی، چیمبور، گونڈی، ملنڈ اور تھانے سمیت متعدد مقامات پر توڑ پھوڑ کی اور کئی بسوں کو آگ لگا دی-

صورتحال کو کشیدہ دیکھ کر دکانداروں نے اپنی دوکانیں بند کر دیں جبکہ مظاہرین نے کئی مقامات پر سڑکوں کو بند کر دیا۔ ممبئی کی لوکل ٹرینوں کو بھی کافی دیر تک مظاہرین نے بند رکھا-

پرتشدد مظاہروں اور ہر طرح کے ناخوشگوار واقعے کے خوف سے ممبئی کے اسکولوں اور کالجوں میں چھٹیاں کردی گئیں جبکہ دلتوں کی جماعت آر پی آئی نے بدھ کو پوری مہاراشٹر کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے - پرتشدد مظاہروں میں جہاں دسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں وہیں پولیس نے بڑی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کر لیا-

دلتوں نے مخالف گروہ پر، بھیم راؤ امبیڈکر کی مورتی توڑنے کا بھی الزام عائد کیا ہے - حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے مہاراشٹر میں ذاتی بنیادوں پر ہوئے فسادات کا ذمہ دار بی جے پی اور آر ایس ایس کو قرار دیا ہے۔

ٹیگس