Mar ۰۷, ۲۰۱۸ ۱۳:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی کشیدہ صورتحال پراس ملک کےوزیراعظم کو تشویش

ہندوستانی وزیراعظم نے مجسموں کے گرائے جانے اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی مذمت کی ہے۔

ہندوستان کےوزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے کچھ حصوں میں توڑ پھوڑ کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعظم کے دفتر(پی ایم او) کے مطابق کچھ مقامات پر مجسموں کے گرائے جانے کے واقعات کے بعد وزیر اعظم نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے بات کی اور ان واقعات پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔

ہندوستان کی وزارت داخلہ نے توڑ پھوڑ کے واقعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ریاستی حکومتوں سے ایسے واقعات کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کو کہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ تری پورہ میں اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد کچھ مقامات پر کمیونسٹ رہنماؤں کے مجسموں کے گرائے جانے اور توڑ پھوڑ کے واقعات رونما ہوئے۔ جنوبی تری پورہ کے بیلونیہ سب ڈویژن میں کچھ لوگوں نے روسی انقلاب کے ہیرو ولادیمیر لینن کے مجسمے کو کل بلڈوزر سے گرا دیا تھا جبکہ کل رات تمل ناڈو میں بھی ایک مقام پر ای وی راما سوامی پیریار کے مجسمے کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج ٹوئیٹر پراس طرح کی کارروائیوں میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹے جانے کا اعلان کیا۔

ٹیگس