ایس فور ہینڈرڈ میزائل سسٹم کے سودے پر روس اور ہندوستان کے سربراہوں کی بات چیت
روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے روس کے ایس فور ہینڈرڈ میزائل سسٹم کے سودے سمیت مختلف دفاعی امور اور اہم علاقائی معاملات پر بات چیت کی ہے۔
روس کے صدر اور ہندوستان کے وزیراعظم نے سوچی میں اپنی ملاقات میں دفاعی شعبوں میں روس اور ہندوستان کے تعلقات کی توسیع اور ایٹمی توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت کی ہے-
روسی صدر نے اس موقع پر بین الاقوامی سطح پر ماسکو اور نئی دہلی کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اقوام متحدہ، بریکس اور اب شانگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں-
روسی صدر نے دونوں ملکوں کے اعلی حکام کے مسلسل ایک دوسرے کے ملکوں کے دوروں اور دفاعی میدان میں روس اور ہندوستان کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام امور اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے تعلقات، اسٹرٹیجک نوعیت کے ہیں-
اس موقع پر ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی دو طرفہ اور عالمی سطح پر دونوں ملکوں کے تعلقات میں روز افزوں توسیع پر زور دیا- روس اور ہندوستان کے سربراہوں کی ملاقات میں اقتصادی تعلقات کو بھی مستحکم بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا-