May ۲۹, ۲۰۱۸ ۰۹:۲۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہشمند

ہندوستان نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

ہندوستان کے نائب صدرایم وینکیا نائیڈو نے پیر کے روزانڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹی گریٹیو میڈیسن (آئی آئی آئی ایم) کے سائنسدانوں، طالب علموں اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان تمام ممالک بشمول پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے پڑوسی (پاکستان) کے ساتھ کوئی پریشانی نہیں ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی وکالت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کی مدد، حمایت اور تربیت دینے سے متعلق اپنی پالیسی ترک کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا امن اور خوشحالی ساتھ ساتھ چلتے ہیں اور ترقی کے لئے امن ضروری ہے اور امن کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا ہم قومی سلامتی اور یکجہتی کے معاملات پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

ایم وینکیا نائیڈو نے کشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد پر کشیدگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کے لئے امن ضروری ہے۔ اگر ہماری سرحد پر کشیدگی ہوگی تو ہم اپنی ترقیاتی سرگرمیوں کی طرف توجہ نہیں دے پائیں گے۔

دوسری جانب ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ دہشت گردی اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان کی یہ پالیسی رہی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوسکتی، ہم بات چیت کے لئے تیار ہیں حتیٰ کہ 2019کے الیکشن سے قبل بھی مذاکرات کے خواشمند ہیں ۔

ٹیگس