Jun ۰۷, ۲۰۱۸ ۰۵:۵۵ Asia/Tehran
  • کشمیر میں یوم القدس

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی حریت کانفرس کے رہنماوں سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے جمعتہ الوداع کو یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منائے جانے کی اپیل کی ہے ۔

مزاحمتی قیادت نے مشترکہ طور ایک قرارداد کے تحت فلسطین اور کشمیری عوام پر ہو رہے مظالم اور ان دونوں دیرینہ تنازعوں کے حل کے تئیں عالمی برادری کی عدم توجہی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان دونوں مسئلوں کو ان کے تاریخی تناظر میں حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

حریت کانفرس کے رہنماوں نے قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دنیا کے بااثر مسلم ممالک کے ساتھ ساتھ او آئی سی پر زور دیا کہ وہ قبلہ اول کی بازیابی اور فلسطینی عوام پر ہو رہے مظالم کو بند کرانے کے لئے آگے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اب یہ حقیقت تسلیم کرچکی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات تب تک بہتر نہیں ہو سکتے اور نہ اس خطے میں امن و استحکام قائم ہو سکتا ہے جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی مرضی اور خواہشات کے مطابق حق خود ارادیت کی بنیاد پر حل نہیں کیا جاتا اس لئے  ہندوستان اور پاکستان کی سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے خلوص، سنجیدگی اور سیاسی جرأتمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بامعنی اقدامات کا آغاز کرے۔

ٹیگس