ہندوستان، مخالفین کے خلاف ایجنسیوں کو استعمال کرنے کا الزام
مغربی بنگال کی وزیر اعلی نے دعوی کیا ہے کہ مخالفین کو خاموش کرانے کے لئے حکومت مرکزی ایجنسیوں کو استعمال کر رہی ہے۔
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ مرکز میں حکمراں بی جے پی ہر چیز اور تمام وفاقی ڈھانچے کو اپنے مفادات کی تکمیل کے لئے تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہا کہ اگلے سال ہونے والے انتخابات جیسے جیسے قریب آتے جا رہے ہیں بی جے پی اپنے مخالفین کو خاموش کرانے کے لئے سیاسی انتقامی کارروائیوں کے لئے ایجنسیوں کو استعمال کر رہی ہے۔
محترمہ بنرجی نے کہا کہ بی جے پی عام انتخابات سے قبل اپوزیشن کی آواز دبانا چاہتی ہے اور اس کے لئے مرکز کی سرکاری ایجنسیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
محترمہ بنرجی نے جھارکھنڈ میں مشنریز آف چیرٹی پر حملے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ مدر ٹریسا نے خود مشنریز آف چیرٹیز قائم کی تھی اور اب بی جے پی والے انہیں بھی نہیں بخش رہے ہیں۔