Jul ۱۹, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وزیراعظم تحریک عدم اعتماد کی زد میں

ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر بحث کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے پہلے روز پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے یاد دہانی کرائی کہ کئی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ اسے قبول کرلیا جائے ۔

پارلیمانی امور کے وزیر کے توجہ دلاؤ نوٹس پر رولنگ دیتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کے سرینواس کی تحریک سب سے پہلے موصول ہوئی تھی اس لیے ان کی تحریک عدم اعتماد کو منظور کرتے ہوئے انہیں تجویز پیش کرنے کی اجازت دے رہی ہوں۔ جمعہ کے روز اس پر بحث کی جائے گی۔

عدم اعتماد کی حمایت کے سوال پریوپی اے کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے کہا کہ کس نے کہا کہ ہمارے پاس تعداد نہیں ہے۔ واضح رہے کہ تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کی طرف سے لائی گئی عدم اعتماد کی تجویزکو کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے۔

مرکزکی مودی حکومت کے خلاف یہ پہلی عدم اعتماد کی تحریک ہے۔

واضح رہے کہ لوک سبھا میں بی جے پی کے پاس 273 ارکان ہیں، کانگریس 48، اے آئی اے ڈی ایم کے 37، ترنمول کانگریس 34، بی جے ڈی 20، شیو سینا 18، ٹی ڈی پی 16، ٹی آرایس  11، سی پی آئی (ایم)  9، وائی ایس آر کانگریس 9، سماجوادی پارٹی  7، اس کے علاوہ 26 دیگر پارٹیوں کے پاس 58 ارکان پارلیمنٹ ہیں، پانچ سیٹیں خالی بھی ہیں۔

ٹیگس