پاکستان پر کشمیر میں پراکسی وار کو ہوا دینے کا الزام
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے گورنراین این ووہرا نے پاکستان پر کشمیر میں پراکسی وار اور تشدد کو ہوا دینے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے گورنراین این ووہرا کا کل بدھ کے روز منعقدہ یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کو سمجھنا ہوگا کہ اسے کشمیر میں دہشت گردی کا ایجنڈا جاری رکھنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
گورنر نریندر ناتھ ووہرا نے کہا کہ جموں وکشمیر میں گزشتہ تین دہائیوں سے جاری پاکستان کے پراکسی وار (درپردہ جنگ) اور تشدد و افراتفری کو ہوا دینے سے ریاست کی ترقی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان میں بننے والی نئی حکومت کو سمجھنا ہوگا کہ اسے جموں وکشمیر میں دہشت گردی کا ایجنڈا جاری رکھنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان بہتر تعلقات قائم ہونے سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔
این این ووہرا نے کہا کہ وادی میں بار بار کی ہڑتالوں کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کا نام لئے بغیر کہا کہ حل طلب مسائل صرف بات چیت اور افہام وتفہیم کے عمل سے ہی حل ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کل ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستان کے یوم آزادی کے موقع پر حریت کانفرنس کی اپیل پر یوم سیاہ منایا گیا اورعام ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پرسیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔