Apr ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • اترپردیش کے وزیراعلی کی ھرزہ سرائی کی  مذمت

مولانا کلب جواد نقوی بی جے پی کے رہنما اور اترپردیش کے وزیراعلی کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری اور ہندوستان کے معروف عالم دین مولانا کلب جواد نقوی نے ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے کہا ہے کہ وہ حضرت علی (ع) سے متعلق اپنا بیان واپس لیں

مولانا کلب جواد نقوی نے یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر سیاسی پارٹیاں اپنی ریلیوں میں حضرت علی(ع) یا بجرنگ بلی کے نام پر ووٹ نہیں مانگ رہی ہیں تو وزیر اعلی یوگی ایسے بیانات کیوں دے رہے ہیں ۔

اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے متنازع بیان "ایس پی ، بی ایس پی اور کانگریس کو علی پر تو ہمیں بجرنگ بلی پر بھروسہ" کی مولانا کلب جواد نقوی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے بھی وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ایسے بیان کی مذمت کی تھی اور آج بھی کررہے ہیں ۔

مولانا کلب جواد نقوی نے کہا کہ اگر کوئی سیاسی پارٹی کہہ رہی ہوتی کہ ہم حضرت علی(ع) کے نام پر الیکشن لڑ رہے ہیں تو وزیراعلی یوگی بھی کہہ سکتے تھے کہ ہم بجرنگ بلی کے نام پر الیکشن لڑیں گے ، جبکہ یہ بھی مناسب نہیں ہے۔

مولانا نے مزید کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ اترپردیش کے وزیر اعلی ہیں ، ان کو ایسے بیانات دینے سے گریز کرنا چاہئے ۔ ہم ان کے اس بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے بیان کو واپس لیں کیونکہ حضرت علی (ع) صرف مسلمانوں میں ہی نہیں بلکہ ہر قوم و مذہب میں مانے جاتے ہیں ۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے اس بیان سے حضرت علی کے سبھی چاہنے والوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی لہذا انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہئے ۔

ٹیگس