May ۲۴, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان، بی جے پی کی جیت پر عوام کا شکریہ

ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے لوک سبھا انتخابات میں اپنی جماعت بی جے پی کی جیت پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کارکنوں کو انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اس ملک کے وزیراعطم مودی نے اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی کامیابی کو ہندوستان کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسی اتحاد اور اتفاق کے ذریعے ترقی یافتہ اور مضبوط ہندوستان کی بنیاد رکھیں گے۔

نریندرمودی نے اپنی جماعت کی کامیابی پر ہندوستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد ہمیں مزید طاقت فراہم کرے گا جس کی مدد سے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے مزید محنت کریں گے۔

دوسری جانب کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کے نتائج کے بعد پریس کانفرنس میں اپنی جماعت کی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیاسی اور نظریاتی اختلافات ہیں جو برقرار رہیں گے اور جس پر آئندہ بھی بات ہوتی رہے گی لیکن آج ان کی فتح کا دن ہے۔

کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہا کہ پارٹی کارکن اور رہنما گھبرائیں نہیں، دل برداشتہ نہ ہوں اور کسی سے ڈریں نہیں، آپ کی لڑائی سچ اور حق کی لڑائی ہے جو جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں لوک سبھا انتخابات کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے تحت حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے 543 میں سے 346 نشستیں جیت کر کے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے۔

ٹیگس