ہندوستان: دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے باہر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ، ہندوستانی ہائی کمشنر بنگلہ دیشی وزارت خارجہ میں طلب
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے باہر ہندو تنظیموں نے مظاہرہ کیا جس کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہونے کی خبر ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بنیاد پرست ہندو تنظیموں وشو ہندو پریشد اور بجرنگ کے سینکڑوں حامیوں نے منگل کے روز دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے باہر مظاہرہ کیا۔ رپورٹوں کے مطابق مظاہرین نے بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے باہر لگے بعض بیریکیڈ ہٹا دیئے جس کے بعد پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش میں مبینہ طور پر ہجومی تشدد میں ایک ہندو نوجوان کی ہلاکت کے خلاف یہ مظاہرہ کیا گیا۔
دہلی میں آج صبح ہائی کمیشن والے علاقے میں سیکورٹی سخت کردی گئی تھی اور پولیس اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کردیا گیا تھا۔ پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لئے بسوں کو رکاوٹ کے طور پر لگا دیا تھا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے بعد کئی مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔
مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے جن پر بنگلہ دیش مخالف نعرے درج تھے۔
دریں اثنا، ہندوستان میں واقع بنگلہ دیشی سفارتی مشنوں کے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر آج بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ میں ہندوستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔
ہمیں فالو کریں:
Followus: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ اسد عالم صیام نے ہندوستانی ہائی کمشنر پرنئے کمار ورما کو طلب کیا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پرنئے کمار ورما سے کہا گیا ہے کہ وہ ہندوستان میں واقع بنگلہ دیش کے سفارتی مشنوں کے لیے مضبوط سیکورٹی کو یقینی بنائیں۔