چابھار پورٹ سے ایران کے ساتھ تجارت کوفروغ دینے کیلئے ہندوستان کی تاکید
ہندوستان کے سفیر نےچابھار پورٹ سے ایران کے ساتھ تجارت کوفروغ دینے کیلئے تاکیدکی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں تعینات ہندوستان کے سفیر گڈام دھرمندرا نے کل چابہار کے دورے کے موقع پر سیستان و بلوچستان کی شپنگ اینڈ پورٹس کے حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے موقع پر کہا کہ چابہار پورٹ کی اسٹریٹجک پوزیشن اور بحر ہند کے پانیوں تک اس کی رسائی کے تناظر میں یہ علاقہ، ہندوستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ہندوستانی سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک، نجی اور سول شعبوں میں چابہار پورٹ میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسبی رکھتا ہے۔
ہندوستان کے سفیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کے دوران، ایران اور ہندوستان کے درمیان تعلقات میں قابل قدر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اسی لئے مستقبل میں چابہار اور ہندوستانی پورٹس، ایک دوسرے کیساتھ مزید تعاون کر سکتی ہیں۔
انہوں نے چابہار میں سرمایہ کاری کے مواقع سمیت اس علاقے میں مصنوعات کی ٹرانزٹ کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ ہندوستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
اس موقع پر سرحدی صوبے سیستان و بلوچستان کی شپنگ اینڈ پورٹس کے سربراہ بہروز آقائی نے ٹرانزٹ شعبے کے حوالے سے چابہار کی اسٹریٹجک پوزیشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چابہار ہمسایہ ممالک کی برآمدات اور درآمدات کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
بہروز آقائی نے کہا کہ چابہار بندرگاہ شمال-جنوب کوریڈور کے راستے پر واقع ہے اور ساتھ ساتھ اس کا مناسب انفراسٹکچر ہے جو ہندوستان، افغانستان اور آزاد ریاستوں کی دولت مشترکہ کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ وسیع تجارتی لین دین سمیت سمندری نقل و حمل کیلئے انتہائی اہم ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کار اس پورٹ میں سرمایہ کاری کیلئے بہت دلچسبی رکھتے ہیں۔