Aug ۱۹, ۲۰۱۹ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • سرینگر:190سے زائد اسکولوں کو کھولنے کا اعلان

سرینگرمیں حکام کا کہنا ہے کہ کشمیر میں مجموعی طور پرحالات قابو میں ہیں اس لئے 190 سے زائد اسکولوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام نے دعوی کیا کہ آج سے پرائمری اسکول کھلیں گے۔ چودہ دنوں کے بعد وادی میں اسکول کھل رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں پرنسپل سکریٹری نے پریس کانفرنس میں اسکولوں کو کھولنے کی بات کہی تھی۔

موبائل انٹرنیٹ،اسکول اور دیگر پابندیوں میں اب چھوٹ دی جارہی ہے۔ تقریبا 14 دن بعد سری نگر میں آج 190 پرائمری اسکول کھل جائیں گے اس طرح بچوں کو ایک بار پھر اسکولوں کی رونق بننے کا موقع ملے گا تاہم سینئر کلاسوں کے اسکولوں کو ابھی تک کھولنے کا حکم نہیں دیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی ، کسی بھی ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی فورسز 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ اسکولوں کی حفاظت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی کو مستحکم کرنے کے لئے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔

در ایں اثناء آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد اتوار کو جموں کے 5 اضلاع میں شروع کی گئی 2 جی موبائل انٹرنیٹ خدمات پر ایک بار پھر پابندی عائد کردی گئی۔ سنیچر کی صبح ٹیلیفون اورانٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی تھی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ فیصلہ افواہوں کو پھیلنے سے روکنے اور امن برقرار رکھنے کے لئے لیا گیا ہے۔

ٹیگس