مہاراشٹرمیں آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں: کانگریس
کانگریس نے مہاراشٹرمیں فڑنویس حکومت کی تشکیل کی زبردست مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے چوری چھپے حکومت بنا کر آئین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی کی جانب سے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور شیوسینا کے ساتھ اتحادی حکومت تشکیل دینے کے سلسلے میں پارٹی کی جانب سے مقرر کردہ لیڈروں احمد پٹیل، کے سی وینوگوپال اور ملک ارجن کھڑگے نے کل مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جس طرح سے حکومت تشکیل دی گئی ہے پارٹی اس کی زبردست مذمت کرتی ہے اور اعتماد کی تحریک میں این سی پی اور شیوسینا کے ساتھ مل اسے شکست دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح مسٹر دویندر فڑنویس کو وزیراعلی کے عہدے کا حلف دلایا گیا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میں جمعہ کی رات تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر دیویندرفڑنویس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر اجیت پوار کے حلف لینے سے عین قبل ریاست میں نافذ صدر راج ہٹا لیا گیا۔
وزارت داخلہ کی طرف سے سنیچر کو صبح جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کی سفارش پر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ریاست میں نافذ صدر راج ختم کرنے کی منظوری دی ہے ۔
اس سے پہلے مرکزی کابینہ نے بھی اس کی منظوری دی تھی ۔