اگر بی جے پی بنگال میں مجھے چوٹ پہنچانے کی کوشش کرے گی تو میں پورے ہندوستان میں اس کی بنیاد ہلا کر رکھ دوں گی: ممتا بنرجی
ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ایس آئی آر کے متعلق الیکشن کمیشن اور بی جے پی کی جانب سے پیدا کی جانے والی آفت کے بارے میں خبردار کیا ہے-
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی ذرائع کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کے ذریعے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) پر ایک بار پھر سوال اٹھایا ہے۔
انہوں نے ایس آئی آر کے خلاف منعقد ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر کے بعد جب ووٹر لسٹ کا مسودہ جاری ہو جائے گا تب لوگوں کو الیکشن کمیشن اور بی جے پی کی جانب سے پیدا کی گئی آفت کا احساس ہوگا۔
انہوں نے حال ہی میں بہار میں ہوئے اسمبلی انتخاب کے نتائج کے متعلق بھی کئی الزامات عائد کئے ہیں۔
بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی بنگال میں مجھے چوٹ پہنچانے کی کوشش کرے گی تو میں پورے ہندوستان میں اس کی بنیاد ہلا کر رکھ دوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بہار اسمبلی انتخاب کا نتیجہ ایس آئی آر کا ہی شاخسانہ ہے، اپوزیشن وہاں بی جے پی کی چال نہیں بھانپ سکی۔
اگر ایس آئی آر دو تین برسوں میں کیا جائے تو ہم اس عمل کی ہرممکن وسائل کے ساتھ حمایت کریں گے۔
ایس آئی آر مخالف ریلی میں ممتا بنرجی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب ایک غیر جانبدار ادارہ نہیں رہ گیا ہے، یہ بی جے پی کمیشن بن گیا ہے۔
بی جے پی سیاسی طور پر میرا مقابلہ نہیں کر سکتی ہے اور نہ ہی مجھے شکست دے سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ایس آئی آر کا مقصد بنگلہ دیشی شہریوں کو ووٹر لسٹ سے ہٹانا ہے تو الیکشن کمیشن مدھیہ پردیش اور اترپردیش میں یہ عمل کیوں کر رہا ہے.
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok