ادھو ٹھاکرے کل وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔
ٹھاکرے مہاراشٹر کے وزیراعلی کے عہدے کے لئے شیو سینا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور کانگریس اتحاد کے امیدوار ہیں اور کل 28 نومبر کو وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق شیوسینا کے سربراہ مسٹرٹھاکرے کی جانب سے حکومت کے قیام کا دعوی کئے جانے کے بعد گورنر بی کے کوشیاری کے آفس کی طرف سے ایک تصدیقی مکتوب جاری کیا گیا ہے۔ گورنر کے دفتر نے ممبئی کے شیواجی پارک میں تقریب میں حلف برداری کی تقریب کی اجازت دیتے ہوئے اس کے لئے تاریخ کی تصدیق کی ہے۔
شیوسینا کے سربراہ نے کانگریس اور این سی پی کے اہم رہنماؤں کے ساتھ منگل کی رات گورنر سے مل کر حکومت کی تشکیل کا دعوی کیا تھا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میں کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور شیوسینا کے اتحاد کے آگے بھارتیہ جنتا پارٹی کے حکومت بنانے کے چوتھے دن ہی وزیراعلی دیویندر فڑنویس نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا جس سے مسٹر ادھو ٹھاکرے کے وزیر اعلی بننے کا راستہ ہموار ہوا ۔
سپریم کورٹ نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے بدھ کے روز اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پہلے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دیا اور اس کے بعد مسٹر فڑنویس نے بھی اپنے استعفی کا اعلان کیا۔