Jan ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۳:۴۵ Asia/Tehran
  •  ہندوستان میں شاہین باغ کی ہی طرح کئی شاہین باغ

ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے اور اب شاہین باغ کی ہی طرح دیگر شہروں میں بھی خواتین میدان میں آگئی ہیں ۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق سی اے اے اور این آرسی کے خلاف جہاں دہلی کے شاہین باغ میں گذشتہ ایک مہینے سے زائد عرصے سے خواتین احتجاجی دھرنے پر بیٹھی ہیں وہیں اب ملک کے دیگر شہروں میں بھی خواتین سڑکوں پر نکل آئی ہیں اور سی اے اے اور این آرسی کے خلاف مظاہرے کررہی ہیں- لکھنو میں حسین آباد کے علاقے گھنٹہ گھر کے قریب بھی خواتین احتجاجی دھرنے پر بیٹھ گئی ہیں جو سی اے اے اور این آرسی کو واپس لئے جانے کا مطالبہ کررہی ہیں - خبروں میں کہا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے سمجھانے بجھانے کی کوششوں  کے بعد بھی لکھنو میں خواتین اپنا دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے - ادھر ریاست بہار کے شہر گیا میں بھی گذشتہ بائیس روز سے خواتین دھرنے پر بیٹھی ہیں اور سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج کررہی ہیں - ریاست راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں بھی خواتین کی بہت بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر سی اے اور این آر سی کے خلاف مظاہرہ کیا ہے - مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ آئین کی حفاظت کے لئے سڑکوں پر نکلی ہیں - دہلی کے  بھی مختلف علاقوں منجملہ شاہین باغ ، خریجی اور بلّی ماراں جیسے علاقوں میں مسلسل احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں- ممبئی اور کولکتہ میں بھی خواتین نے مظاہرے کئے ہیں ۔ جبکہ شمال مشرقی ریاست آسام میں عوام اور طلبا کے مظاہرے پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں-

 

ٹیگس