ہندوستان میں یوم جمہوریہ کے موقع پر4 دھماکے کشمیر میں یوم سیاہ
ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر جہاں 4 دھماکے ہوئے وہیں اس ملک کے زیر انتظام کشمیر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے اور مکمل ہڑتال ہے۔
ہندوستان میں 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اتوار کی صبح مشرقی آسام کم شدت والے چار دھماکے ہوئے۔ان میں سے تین ضلع ڈبروگڑھ میں ہوئے جبکہ چوتھا دھماکہ ضلع چرائی دیومیں ہوا۔ دھماکے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ فی الحال کسی بھی تنظیم نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے یہ دھماکے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ملک یوم جمہوریہ کا جشن منارہا ہے ۔
ریاست کے وزیر اعلی سروانند سونووال نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قصورواروں کو جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ اس واقعہ کے پیچھے یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا) کا ہاتھ ہواس لئے کہ الفا نے یوم جمہوریہ کی تقریب کا بائیکاٹ اور سنیچر کی رات 12 بجے سے اتوار کی شام چھ بجے تک ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے اور مکمل ہڑتال ہے۔