پاک و ہند میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 240 تک پہنچ گئی، رپورٹس کے مطابق سندھ کے 172، پنجاب کے 27، بلوچستان کے 16، خیبر پختونخوا 16کے ، اسلام آباد کے 2 اور گلگت کے پانچ شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک مریض کی موت کی خبریں گردش کر رہی ہیں تاہم پنجاب کی وزیر صحت یاسمین راشد نے کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے ہی ہم نے مریض کے نمونے لے کر کورونا ٹیسٹ بھیج دیے تھے۔ اس کی تصدیق رپورٹ آنے کے بعد ہی ہوگی کہ آیا اس کی موت کورونا وائرس سے ہوئی یا کسی اور وجہ سے اس کا انتقال ہوا؟
ادھرہندوستان میں بھی اب تک کورونا کے معاملوں کی تعداد بڑھ کر 147 ہو گئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت نے بدھ کو اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا کے اب تک 147 معاملوں کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے 122 مریض ہندوستانی ہیں جبکہ 25 غیر ملکی شہری ہیں۔ جبکہ ہندوستان میں 3 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملک بھر میں بڑھتے کورونا وائرس کے معاملوں کے بیچ خبر ہے کہ ہندوستانی فوج کے ایک اہلکار میں بھی کووڈ۔ 19 کی تصدیق کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لداخ اسکاوٹ کے اہلکار میں کورونا وائرس کی علامت دیکھے جانے کے بعد اس کی جانچ کرائی گئی جو مثبت آئی۔
قابل ذکر ہے کہ چین کے صوبہ ہبوئی کے دارالحکومت ووہان سے پھیلنے والے جان لیوا کورونا وائرس کی زد میں اب تک دنیا کے 165 سے زائد ممالک آچکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر اسے عالمی وبا قرار دے دیا ہے۔