ہندوستان، کورونا وائرس متاثرین کی تعداد پانچ سو کے لگ بھگ
ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد پانچ سو کے قریب پہنچ گئی ہے اور حکومت نے ملک کی انیس ریاستوں میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق منگل کی صبح تک پورے ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد چار سو بانوے تک پہنچ گئی تھی جن میں سے چار سو چونسٹھ کا اس وقت علاج چل رہا ہے جبکہ چھبیس مریضوں کا علاج کرکے انہیں اسپتال سے رخصت کردیا گیا ہے-
ہندوستان میں کورونا سے نو افراد کی اب تک موت ہو چکی ہے- ہندوستان میں کووڈ ۱۹ کے پھیلاؤ کے بعد دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا لاک ڈاؤن ہوا ہے۔ ملک کی سبھی ٹرینیں بند ہیں ، داخلی پروازوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ غیر ملکی پروازوں کو پہلے ہی بند کیا جا چکا ہے -
ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس لاک ڈاؤن کے سبب وزیر اعظم مودی کی جانب سے معیشت کو بہتر بنانے کی کوششوں کو شدید جھٹکا لگا ہے جو پہلے ہی گذشتہ ایک عشرے کی سب سے کم رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے-