اگر ہم ابھی نہیں جاگے تو بہت دیر ہو جائے گي: ہندوستان کے حالات پر سابق نائب صدر کا انتباہ
ہندوستان کے سابق نائب صدر محمد حامد انصاری نے کہا ہے کہ ملک میں ایک بہت ہی خطرناک کھیل چل رہا ہے، ادارے شدید خطرے میں ہیں اور جن اصولوں پر آئین کی تمہید پیش کی گئی تھی انہیں کوڑے دان میں ڈال دیا گیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے ویب سائٹ کے مطابق علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور متعدد ممالک میں ہندوستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے اس ملک کے سابق نائب صدر محمد حامد انصاری نے کہا ہے کہ لوگ مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں لہذا قدم اٹھانا بہت ضروری ہے کیونکہ اگر یہ عمل جاری رہا تو جاگنے میں دیر ہو جائےگی۔ انھوں نے کہا کہ ہم بہت مشکل وقت میں جی رہے ہیں اور میں اس کی تفصیلات بیان نہیں کرسکتا لیکن اگر ایمانداری سے کہوں تو سچ یہ ہے کہ ہندوستانی جمہوریت گہری مشکل میں ہے۔
حامد انصاری نے متنبہ کیا کہ جن اصولوں اور اقدار پر ہمارے آئین کی تمہید پیش کی گئی تھی انھیں آج پیروں تلے روندا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس عمل میں سچ کی پلیٹ میں جھوٹ اور فریب پیش کیا جا رہا ہے اسی لیے اکثر لوگ اسے سمجھ نہیں پا رہے ہیں لیکن حقیقت یہی ہے کہ ایک بہت ہی خطرناک عمل جاری ہے جو ہمارے لیے اور ملک کے لیے بہت زیادہ خطرناک ہے۔
ہندوستان کے سابق نائب صدر حامد انصاری نے ایک کتاب کی تقریب رونمائي کے موقع پر یہ باتیں کہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال پر اس کے دوست سخت تشویش میں ہیں جبکہ قوم کے دشمن خوش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم اس کو جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہیں تو پھر جاگنے کے لیے بہت دیر ہو چکی ہوگی۔