May ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں امفان طوفان، مغربی بنگال کی صورتحال بحرانی

ہندوستان میں امفان طوفان کو گزرے ہوئے تین دن ہونے کے باوجود صورت حال معمول پر نہیں آ پائی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں میں تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔

ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریاست مغربی بنگال کے سیکریٹریٹ نے حالات کو معمول پر لانے کے لئے فوج سے مدد طلب کی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے ریلوے پولیس اہلکاروں اور بندرگاہوں پرتعینات افسران کو بھی مدد کے لئے بلا لیا ہے۔

مغربی بنگال کے محکمہ داخلہ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امفان طوفان کے بعد ریاست میں صورتحال کو معمول پر لانے کے لئے انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور رات دن کام ہو رہا ہے مگر چوں کہ تباہی بڑے پیمانے پر ہوئی ہے اس لئے ہمیں حالات کو معمول پر لانے کے لئے مزید عملے کی ضرورت ہے۔

ہندوستانی فوج نے مغربی بنگال کی حکومت کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ تین روز قبل ہندوستان کی ریاست مغربی بنگال اور بنگلہ دیش میں امفان نامی بھیانک طوفان آیا تھا جس کے سبب علاقے میں بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی تھی اور نتیجے میں اب تک کئی علاقوں میں بجلی، پانی، ٹیلی کمیونیکشن بحال نہیں ہو سکے ہیں۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے عوامی ناراضگی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تباہی بڑے پیمانے پر ہوئی ہے جس کے بعد سنبھلنے میں کچھ وقت لگے گا۔

ٹیگس