Jun ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ہندوستان کے دو سفارتکاروں کی گمشدگی

ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے دو ملازم لا پتہ ہو گئے ہیں۔

ہندوستانی میڈیا نے حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن کا ایک افسر اور ایک ڈرائیور پیر کی صبح سے لاپتہ ہیں۔ ہندوستانی وزارت خارجہ اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

خبروں میں کہا جارہا ہے کہ ہندوستانی ہائی کمیشن کے یہ دونوں ملازم پیر کی صبح دفتر جاتے ہوئے راستے سے لاپتہ ہو گئے۔ ہندوستانی ہائی کمیشن نے بھی پاکستانی وزارت خارجہ میں واقعے کی رپورٹ کی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے پیر کے روز اسلام آباد میں دو ہندوستانی سفارتکاروں کے لاپتہ ہونے کے دعوے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد اس مسئلے کا جائزہ لے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئی دہلی نے اپنے دو سفارتکاروں کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ کی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کی حکومت معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

پاکستان میں ہندوستان کے دو سفارتکاروں کے لا پتہ ہونے کی بات، ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ نئی دہلی نے پندرہ روز قبل ہندوستان میں پاکستان کے دو سفارتکاروں کو جاسوسی کے الزام میں ملک سے نکال دیا تھا۔

ہندوستان کی حکومت نے ان دونوں پاکستانی سفارتکاروں کا نام بلیک لسٹ بھی کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر پر کشیدگی جاری ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر سفارتی سرگرمیوں پر بندشیں عائد کرنے کا الزام بھی عائد کرتے رہے ہیں۔

ٹیگس