Jun ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  •  ہندوستانی عازمین کو سفرحج پر نہ بھیجنے کا ہندوستان کا فیصلہ

ہندوستان کی مرکزی حکومت نے اس سال عازمین حج کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب دو ہزار بیس میں ہندوستانی عازمین کو سفرحج پر نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


انھوں نے یہ بتایا کہ یہ فیصلہ سعودی عرب کے وزیر حج محمد صالح بن طاہر کے ساتھ پیر کی رات ٹیلیفونی گفتگو کے بعد کیا گیا ہے ۔ مختارعباس نقوی نے بتایا کہ سعودی عرب کے وزیر حج نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں اس سال ہندوستانی عازمین کو حج کے لئے نہ بھیجنے کا مشورہ دیا تھا۔
ہندوستان کے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر نے کہا کہ اس برس حج کے لئے منتخب سبھی دو لاکھ تیرہ ہزار لوگوں کے پیسے واپس کئے جائیں گے۔
مختارعباس نقوی نے کہا کہ اس سال حج کے لئے جن لوگوں کی درخواستیں منظور کی گئی تھیں وہ اگلے سال اپنی منظور شدہ درخواستوں کی بنیاد پر سفر حج پر جاسکیں گے اور انہیں الگ سے درخواست نہیں دینا ہوگی۔
اس سے پہلے ہندوستان کی حج کمیٹی نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا تھا کہ جو عازمین اس سال حج پر نہ جانا چاہیں وہ اپنے پیسے واپس لے سکتے ہیں۔

 

ٹیگس