سید علی شاہ گیلانی نے حریت کانفرنس سے علحیدگی اختیار کرلی
کشمیر میں آج منگل کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دوعسکریت پسند مارے گئے ہیں۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے بزرگ رہنما سید علی شاہ گیلانی نے ایک آڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حریت کانفرنس کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے فیصلے کے حوالے سے حریت ممبران کے نام ایک تفصیلی خط روانہ کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اس فورم سے مکمل علاحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ اکانوے سالہ سید علی گیلانی گزشتہ کئی برسوں سے اپنی رہائش گاہ واقع حیدر پورہ سری نگر میں نظر بند ہیں اور وہ کافی عرصے سے علیل بھی ہیں۔
سید علی گیلانی کا حریت کانفرنس سے علیحدگی کا اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اکثر کشمیری رہنما گرفتار یا پھر نظر بند ہیں۔
دوسری جانب جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے واگہامہ بجبہاڑہ میں آج منگل کی علی الصبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں دو عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔
قبل ازیں اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھی اسی ضلع کے ژوہرو رانی پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادم میں تین عسکریت پسند مارے گئے تھے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید دو عسکریت پسندوں کے جاں بحق ہونے کے ساتھ وادی میں رواں برس اب تک مارے جانے والے عسکریت پسندوں کی تعداد 118 ہوگئی ہے۔