Jul ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۳:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ

ہندوستان میں جمعہ کے روز ایک دن میں 26 ہزار 506 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے تھے تاہم آج ہفتے کے روز 27 ہزار 114 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے اس ملک کے عوام اور حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے27 ہزار 114 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 20 ہزار 916 ہو گئی ہے۔

اسی عرصہ میں 519 افراد کی موت واقع ہوئی جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہزار 123 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے درمیان راحت دینے والی بات یہ ہے کہ اس وبا سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اوراس عرصہ کے دوران شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 15 ہزار 386 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر بدستور ریاست مہاراشٹر ہے جہاں اس وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 38 ہزار461 ہو گئی ہے جبکہ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 9 ہزار893 ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ 31 ہزار 67 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 5 لاکھ 62 ہزار 889 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 47 لاکھ 1 ہزار 687 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 58 ہزار 697 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 73 لاکھ 66 ہزار 491 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ٹیگس