Jul ۱۵, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۲ Asia/Tehran
  • کورونا ویکسین تیار کر لیا، ہندوستان کا دعویٰ

ہندوستان میں دو دوا ساز کمپنیوں نے کورونا کا ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو اس وقت کلینیکل ٹرائل کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔

ہندوستانی خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق دو ہندوستانی دوا ساز کمپنیاں الگ الگ جگہوں پر کورونا ویکسین کو انسانوں پر آزما رہی ہیں اور جلد ہی اچھی خبر آنے کا امکان ہے۔

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کی دو دوا ساز کمپنیاں کورونا ویکسین کا ٹرایل مختلف مقامات پر ایک ایک ہزار افراد پر کر رہی ہیں۔ ان کمپنیوں نے چوہوں اور دیگر جانوروں پر ویکسین کے غلط اثرات کا مطالعہ پہلے ہی کر لیا تھا اور اس کے نتائج ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا کو سونپ دیے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہاں سے رواں ماہ کے آغاز میں منظوری ملنے کے بعد یہ کمپنیاں اب انسانوں پر کورونا ویکسین کا ٹرایل کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں جان لیوا کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں اضافہ کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 29 ہزار 429 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر9 لاکھ 36 ہزار 181 ہو گئی ہے۔

 

ٹیگس