کشمیر؛ عزاداروں کے خلاف طاقت کے استعمال اور گرفتاریوں کی مذمت
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں عزاداروں کے خلاف طاقت کے استعمال اور گرفتاریوں کی مذمت کی گئی ہے۔
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے محرم الحرام کے موقع پر نکالے جا رہے جلوسوں اور عزاداروں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال کرنے اور انہیں گرفتار کر کے تھانوں میں بند کرنے کو مداخلت فی الدین سے تعبیر کرتے ہوئے سرکاری اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جس طرح سے کل بڈگام کے علاوہ دیگر مقامات پر عزاداروں کے خلاف طاقت کا استعمال، ٹیئر گیس شیلنگ اور فائرنگ کی گئی وہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے بڈگام میں کرفیو کے نفاذ اور گھر سے باہر نکلنے والوں کو زد و کوب کرنے کے واقعات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدامات کے منفی نتائج سامنے آنے کے قوی امکانات ہیں۔
بعض دریگر ذرائع کی رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع بڈگام میں جمعرات کو انتظامیہ کی طرف سے دوبارہ پانچ روزہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے احکامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کری پورہ اور پاٹواؤ علاقوں میں جلوس عزا برآمد ہوئے عزاداران سید الشہداء نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی اور امام بار گاہ بڈگام میں پرامن طریقے سے ماتمی جلوس اختتام پذہر ہوئے۔
واضح رہے کہ انتظامیہ نے ضلع میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر دوبارہ پانچ روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا ہے۔