ہندوستان و پاکستان کے مابین ایل او سی پر فائرنگ، ایک ہلاک
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ایک فوجی افسر ہلاک ہوا ہے۔
ہندوستان کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ راجوری کے کیری سیکٹر میں ایل او سی پر آج بدھ کی صبح پاکستانی فوج نے ہندوستانی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری شروع کر دی جس کے نتیجے میں وہاں ڈیوٹی پر تعینات ایک جونیئر کمیشنڈ افسر (جے سی او) ہلاک ہو گیا۔
قبل ازیں راجوری کے ہی نوشہرہ سیکٹر میں 30 اگست کی صبح ایل او سی پر طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی افسر ہلاک ہوا تھا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان گزشتہ تین برسوں کے دوران ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے پر کنٹرول لائن میں سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔