حکومت کسانوں کو صنعتکاروں کا غلام بنا رہی ہے: کانگریس
Sep ۲۰, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
ہندوستان میں حزب اختلاف کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت پرکسانوں کو صنعتکاروں کا غلام بنا دینے کا الزام لگایا ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کے سابق صدر اور وائناڈسے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے رکن راہل گاندھی نے اتوار کو کسانوں سے متعلق پاس ہونے والے بلوں پر سخت تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ ان بلوں کے ذریعے مرکزی حکومت ملک کے کسانوں کو صنعتکاروں کا غلام بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی مودی حکومت کو کسانوں کے خلاف اس کے ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کسانوں سے متعلق بلوں پر ایسے وقت میں تنقید کی ہے کہ یہ بل پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا سے پاس ہو چکے ہیں اور اتوار کو انہیں ایوان بالا راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا ہے۔