Oct ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۳۶ Asia/Tehran
  • کشمیر، عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز میں تصادم، دو جاں بحق

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیاں کے سوگن زینہ پورہ میں ہونے والے ایک شبانہ مسلح تصادم میں 2 عسکریت پسند جاں بحق ہو گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ سوگن زینہ پورہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں گزشتہ شام کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

آپریشن کے دوران وہاں موجود عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 عسکریت پسند مارے گئے۔

انتظامیہ نے اس واقعہ کے بعد ضلع شوپیاں میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کر دی ہیں نیز سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔

قبل ازیں وسطی ضلع گاندربل میں منگل کی شام بی جے پی کے ایک کارکن پر حملے کے بعد ان کے ذاتی محافظین اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند اور ایک پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز بھی کشمیر کی راجدھانی سری نگر کے نوگام علاقے میں موٹرسائیکل پر سوار مسلح افراد نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی تھی جس میں مرکزی ریزرو پولیس کے 2 اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔ ترجمان کے مطابق زخمیوں میں سی آر پی ایف کا ایک معاون اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھی شامل تھا۔

ٹیگس