گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے پر ہندوستان و پاکستان میں کشیدگی
ہندوستان اور پاکستان کے مابین مسئلہ کشمیر کے بعد اب گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے پر اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔
ہندوستان نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے اعلان کی سخت مخالفت کرتے ہوئے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے پورے علاقے کو فوری طور پر خالی کر کے ہندوستان کے حوالے کرے ۔
دوسری جانب پاکستان نے ہندوستانی کی وزارت خارجہ کے گلگت بلتستان کے حوالے سے بیان کو غیر ذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کے پاس اس معاملے پر قانونی، اخلاقی یا تاریخی طور پر مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے. زاہد حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ ہندوستان 73 برسوں سے زائد عرصہ سے جموں کشمیر پر غیرقانونی قبضہ جمائے ہوئے ہے اور پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کے سلسلے میں اپنے موقف پر ڈٹا رہے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے قومی دن کی تقریب اور آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینےکا اعلان کیا تھا۔